خطبات

خطبہ (۳۴) لوگوں کو اہلِ شام سے آمادہٴ جنگ کرنے کے لئے فرمایا ۔

(٣٤) وَ مِنْ خُطْبَةٍ لَّهٗ عَلَیْهِ السَّلَامُ

خطبہ (۳۴)

فِیْ اسْتِنْفَارِ النَّاسِ اِلٰۤی اَهْلِ الشَّامِ

لوگوں کو اہلِ شام سے آمادہ جنگ کرنے کیلئے فرمایا

اُفٍّ لَّكُمْ! لَقَدْ سَئِمْتُ عِتَابَكُمْ! ﴿اَرَضِیْتُمْ بِالْحَیٰوةِ الدُّنْیَا مِنَ الْاٰخِرَةِ ۚ ﴾ عِوَضًا؟ وَ بِالذُّلِّ مِنَ الْعِزِّ خَلَفًا؟ اِذَا دَعَوْتُكُمْ اِلٰی جِهَادِ عَدُوِّكُمْ دَارَتْ اَعْیُنُكُمْ، كَاَنَّكُمْ مِنَ الْمَوْتِ فِیْ غَمْرَةٍ، وَ مِنَ الذُّهُوْلِ فِیْ سَكْرَةٍ، یُرْتَجُ عَلَیْكُمْ حَوَارِیْ فَتَعْمَهُوْنَ، فَكَاَنَّ قُلُوْبَكُمْ مَاْلُوْسَةٌ، فَاَنْتُمْ لَا تَعْقِلُوْنَ. مَاۤ اَنْتُمْ لِیْ بِثِقَةٍ سَجِیْسَ اللَّیَالِیْ، وَ مَاۤ اَنْتُمْ بِرُكْنٍ یُّمَالُ بِكُمْ، وَ لَا زَوَافِرِ عِزٍّ یُّفْتَقَرُ اِلَیْكُمْ.

حیف ہے تم پر! میں تو تمہیں ملامت کرتے کرتے بھی اکتا گیا ہوں۔ ’’کیا تمہیں آخرت کے بدلے دنیوی زندگی اور عزت کے بدلے ذلّت ہی گوارا ہے‘‘ ؟ جب تمہیں دشمنوں سے لڑنے کیلئے بلاتا ہوں تو تمہاری آنکھیں اس طرح گھومنے لگ جاتی ہیں کہ گویا تم موت کے گرداب میں ہو اور جان کنی کی غفلت اور مدہوشی تم پر طاری ہے۔ میری باتیں جیسے تمہاری سمجھ ہی میں نہیں آتیں تو تم ششدر رہ جاتے ہو۔ معلوم ہوتا ہے جیسے تمہارے دل و دماغ پر دیوانگی کا اثر ہے کہ تم کچھ عقل سے کام نہیں لے سکتے۔ تم ہمیشہ کیلئے مجھ سے اپنا اعتماد کھو چکے ہو۔ نہ تم کوئی قوی سہارا ہو کہ تم پر بھروسا کر کے دشمنوں کی طرف رخ کیا جائے اور نہ تم عزت و کامرانی کے وسیلے ہو کہ تمہاری ضرورت محسوس ہو۔

مَاۤ اَنْتُمْ اِلَّا كَاِبِلٍ ضَلَّ رُعَاتُهَا، فَكُلَّمَا جُمِعَتْ مِنْ جَانِبٍ انْتَشَرَتْ مِن اٰخَرَ، لَبِئْسَ ـ لَعَمْرُ اللهِ! سَعْرُ نَارِ الْحَرْبِ اَنْتُمْ، تُكَادُوْنَ وَ لَا تَكِیْدُوْنَ، وَ تُنْتَقَصُ اَطْرَافُكُمْ فَلَا تَمْتَعِضُوْنَ، لَا یُنَامُ عَنْكُمْ وَ اَنْتُمْ فِیْ غَفْلَةٍ سَاهُوْنَ، غُلِبَ وَاللهِ الْمُتَخَاذِلُوْنَ، وَایْمُ اللهِ! اِنِّیْ لَاَظُنُّ بِكُمْ اَنْ لَّوْ حَمِسَ الْوَغٰی، وَ اسْتَحَرَّ الْمَوْتُ، قَدِ انْفَرَجْتُمْ عَنِ ابْنِ اَبِیْ طَالِبٍ انْفِرَاجَ الرَّاْسِ.

تمہاری مثال تو ان اونٹوں کی سی ہے جن کے چرواہے گُم ہو گئے ہوں، اگر انہیں ایک طرف سے سمیٹا جائے تو دوسری طرف سے تتر بتر ہو جائیں گے ۔ خدا کی قسم! تم جنگ کے شعلے بھڑکانے کیلئے بہت برے ثابت ہوئے ہو۔ تمہارے خلاف سب تدبیریں ہوا کرتی ہیں اور تم دشمنوں کے خلاف کوئی تدبیر نہیں کرتے۔ تمہارے (شہروں کے) حدود (دن بہ دن) کم ہوتے جا رہے ہیں مگر تمہیں غصہ نہیں آتا۔ وہ تمہاری طرف سے کبھی غافل نہیں ہوتے اور تم ہو کہ غفلت میں سب کچھ بھولے ہوئے ہو۔ خدا کی قسم! ایک دوسرے پر ٹالنے والے ہارا ہی کرتے ہیں۔ خدا کی قسم! میں تمہارے متعلق یہ گمان رکھتا ہوں کہ اگر جنگ زور پکڑ لے اور موت کی گرم بازاری ہو تو تم ابن ابی طالب سے اس طرح کٹ جاؤ گے جس طرح بدن سے سر [۱] (کہ دوبارہ پلٹنا ممکن ہی نہ ہو)۔

وَاللهِ! اِنَّ امْرَاً یُّمَكِّنُ عَدُوَّهٗ مِنْ نَّفْسِهٖ یَعْرُقُ لَحْمَهٗ، وَ یَهْشِمُ عَظْمَهٗ، وَ یَفْرِیْ جِلْدَهٗ، لَعَظِیْمٌ عَجْزُهٗ، ضَعِیْفٌ مَّا ضُمَّتْ عَلَیْهِ جَوَانِحُ صَدْرِهٖ. اَنْتَ فَكُنْ ذَاكَ اِنْ شِئْتَ، فَاَمَّا اَنَا فَوَاللهِ! دُوْنَ اَنْ اُعْطِیَ ذٰلِكَ ضَرْبٌۢ بِالْمَشْرَفِیَّةِ تَطِیْرُ مِنْهُ فَرَاشُ الْهَامِ، وَ تَطِیْحُ السَّوَاعِدُ وَ الْاَقْدَامُ، وَ یَفْعَلُ اللهُ بَعْدَ ذٰلِكَ مَا یَشَآءُ.

(خدا کی قسم!) جو شخص کہ اپنے دشمن کو اس طرح اپنے پر قابو دے دے کہ وہ اس کی ہڈیوں سے گوشت تک اتار ڈالے اور ہڈیوں کو توڑ دے اور کھال کو پارہ پارہ کر دے، تو اس کا عجز انتہا کو پہنچا ہوا ہے اور سینے کی پسلیوں میں گھرا ہوا (دل) کمزور و ناتواں ہے۔ اگر تم ایسا ہونا چاہتے ہو تو ہوا کرو، لیکن میں تو ایسا اس وقت تک نہ ہونے دوں گا جب تک مقام مشارف کی (تیز دھار) تلواریں چلا نہ لوں کہ جس سے سر کی ہڈیوں کے پرخچے اڑ جائیں اور بازو اور قدم کٹ کٹ کر گرنے لگیں۔ اس کے بعد جو اللہ چاہے وہ کرے۔

اَیُّهَا النَّاسُ! اِنَّ لِیْ عَلَیْكُمْ حَقًّا، وَ لَكُمْ عَلَیَّ حَقٌّ: فَاَمَّا حَقُّكُمْ عَلَیَّ: فَالنَّصِیْحَةُ لَكُمْ، وَ تَوْفِیْرُ فَیْئِكُمْ عَلَیْكُمْ، وَ تَعْلِیْمُكُمْ كَیْلَا تَجْهَلُوْا، وَ تَاْدِیْبُكُمْ كَیْمَا تَعْلَمُوْا. وَ اَمَّا حَقِّیْ عَلَیْكُمْ فَالْوَفَآءُ بِالْبَیْعَةِ، وَ النَّصِیْحَةُ فِی الْمَشْهَدِ وَ الْمَغِیْبِ، وَ الْاِجَابَةُ حِیْنَ اَدْعُوْكُمْ، وَ الطَّاعَةُ حِیْنَ اٰمُرُكُمْ.

اے لوگو! ایک تو میرا تم پر حق ہے اور ایک تمہارا مجھ پر حق ہے۔ (تمہارا مجھ پر حق یہ ہے) کہ میں تمہاری خیر خواہی پیشِ نظر رکھوں اور بیت المال سے تمہیں پورا پورا حصہ دوں اور تمہیں تعلیم دوں تاکہ تم جاہل نہ رہو اور اس طرح تمہیں تہذیب سکھاؤں جس پر تم عمل کرو، اور میرا تم پر یہ حق ہے کہ بیعت کی ذمہ داریوں کو پورا کرو اور سامنے اور پس پشت خیر خواہی کرو۔ جب بلاؤں تو میری صدا پر لبیک کہو اور جب کوئی حکم دوں تو اس کی تعمیل کرو۔

۱؂یہ جملہ ایسی علیحدگی کیلئے استعمال ہوتا ہے کہ جس کے بعد پھر مل بیٹھنے کی کوئی آس نہ رہے۔

صاحبِ درّہ نجفیہ نے اس کی توجیہ میں چند اقوال نقل کئے ہیں:

۱۔ ابنِ درید کا قول یہ ہے کہ: اس کے معنی یہ ہیں کہ جس طرح سر بدن سے کٹ جاتا ہے تو پھر اس کا جڑنا ناممکن ہوتا ہے، یونہی تم ایک دفعہ ساتھ چھوڑنے کے بعد پھر مجھ سے نہ مل سکو گے۔

۲۔ مفضل کا قول ہے کہ: ’’رأس‘‘ (سر) ایک شخص کا نام تھا اور شام کا ایک گاؤں ’’بیت الرأس‘‘ اسی کے نام پر ہے۔ یہ شخص اپنا گھر بار چھوڑ کر کہیں اور چلا گیا اور پھر پلٹ کر اپنے گاؤں میں نہ آیا، جس سے یہ کہاوت چل نکلی کہ تم تو یوں گئے جس طرح راس گیا تھا۔

۲؂۳۔ ایک معنی یہ ہیں کہ: جس طرح سر کی ہڈیوں کے جوڑ الگ الگ ہو جائیں تو پھر آپس میں جڑا نہیں کرتے یونہی تم مجھ سے کٹ کر پھر نہ جڑ سکو گے۔

۴۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ جملہ: «اِنْفَرَجْتُمْ عَنِّیْ رَاْسًا» (یعنی تم پورے طور پر مجھ سے جدا ہو جاؤ گے) کے معنی میں ہے۔ شارح معتزلی نے یہ معنی قطب الدین راوندی کی شرح سے نقل کرنے کے بعد تحریر کیا ہے کہ: یہ معنی درست نہیں ہیں، کیونکہ ’’راس‘‘ جب کلیۃً کے معنی میں آتا ہے تو اس پر الف لام داخل نہیں ہوا کرتا۔

۵۔ اس کے یہ معنی بھی کئے جاتے ہیں کہ: تم مجھ سے اس طرح دامن چھڑا کر چلتے بنو گے جس طرح کوئی سر بچا کر بھاگ کھڑا ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ ایک آدھ معنی اور بھی کہے گئے ہیں مگر بعید ہونے کی وجہ سے انہیں نظر انداز کیا جاتا ہے۔ سب سے پہلے اس کا استعمال حکیم عرب اکثم ابنِ صیفی نے اپنے بچوں کو اتفاق و اتحاد کی تعلیم دیتے ہوئے کیا۔ چنانچہ اس کا قول ہے کہ:

یَا بُنَیَّ! لَا تَنْفَرِجُوْا عِنْدَ الشَّدَآئِدِ انْفِرَاجَ الرَّاْسِ، فَاِنَّکُمْ بَعْدَ ذٰلِکَ لَا تَجْتَمِعُوْنَ.

بیٹو! سختی کے وقت ایک دوسرے سے الگ نہ ہو جانا، ورنہ پھر کبھی ایک جگہ جمع نہ ہو سکو گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی دیکھیں
Close
Back to top button