صحیفہ کاملہ

50۔ خوف الہی کے سلسلے میں دعا

(۵۰) وَ كَانَ مِنْ دُعَآئِهٖ عَلَیْهِ السَّلَامُ

فِی الرَّهْبَةِ

خوف خدا کے سلسلہ میں حضرتؑ کی دُعا:

اَللّٰهُمَّ اِنَّكَ خَلَقْتَنِیْ سَوِیًّا، وَ رَبَّیْتَنِیْ صَغِیْرًا، وَ رَزَقْتَنِیْ مَكْفِیًّا.

بار الٰہا! تو نے مجھے اس طرح پیدا کیا کہ میرے اعضاء بالکل صحیح و سالم تھے، اور جب کم سن تھا تو میری پرورش کا سامان کیا، اور بے رنج و کاوش رزق دیا۔

اَللّٰهُمَّ اِنِّیْ وَجَدْتُّ فِیْمَاۤ اَنْزَلْتَ مِنْ كِتَابِكَ، وَ بَشَّرْتَ بِهٖ عِبَادَكَ اَنْ قُلْتَ: ﴿یٰعِبَادِیَ الَّذِیْنَ اَسْرَفُوْا عَلٰۤی اَنْفُسِهِمْ لَا تَقْنَطُوْا مِنْ رَّحْمَةِ اللّٰهِ اِنَّ اللّٰهَ یَغْفِرُ الذُّنُوْبَ جَمِیْعًا﴾، وَ قَدْ تَقَدَّمَ مِنِّیْ مَا قَدْ عَلِمْتَ، وَ مَاۤ اَنْتَ اَعْلَمُ بِهٖ مِنِّیْ، فَیَا سَوْاَتَا مِمَّاۤ اَحْصَاهُ عَلَیَّ كِتَابُكَ، فَلَوْ لَا الْمَوَاقِفُ الَّتِیْۤ اُؤَمِّلُ مِنْ عَفْوِكَ الَّذِیْ شَمِلَ كُلَّ شَیْ‏ءٍ لَاَلْقَیْتُ بِیَدِیْ، وَ لَوْ اَنَّ اَحَدًا اسْتَطَاعَ الْهَرَبَ مِنْ رَّبِّهٖ لَكُنْتُ اَنَاۤ اَحَقَّ بِالْهَرَبِ مِنْكَ، وَ اَنْتَ لَا تَخْفٰى عَلَیْكَ خَافِیَةٌ فِی الْاَرْضِ وَ لَا فِی السَّمَآءِ اِلَّاۤ اَتَیْتَ بِهَا، وَ كَفٰى بِكَ جَازِیًا وَّ كَفٰى بِكَ حَسِیْبًا.

بار الٰہا! تو نے جس کتاب کو نازل کیا اور جس کے ذریعے اپنے بندوں کو نوید و بشارت دی اس میں تیرے اس ارشاد کو دیکھا ہے کہ: ”اے میرے بندو! جنہوں نے اپنی جانوں پر زیادتی کی ہے، تم اللہ کی رحمت سے نا امید نہ ہونا۔ یقینا اللہ تمہارے تمام گناہ معاف کر دے گا“، اور اس سے پیشتر مجھ سے ایسے گناہ سرزد ہو چکے ہیں جن سے تو واقف ہے، اور جنہیں تو مجھ سے زیادہ جانتا ہے، وائے بدبختی و رسوائی ان گناہوں کے ہاتھوں جنہیں تیری کتاب قلمبند کئے ہوئے ہے، اگر تیرے ہمہ گیر عفو و درگزر کے وہ مواقع نہ ہوتے جن کا میں امیدوار ہوں تو میں اپنے ہاتھوں اپنی ہلاکت کا سامان کر چکا تھا، اگر کوئی ایک بھی اپنے پروردگار سے نکل بھاگنے پر قادر ہوتا تو میں تجھ سے بھاگنے کا زیادہ سزاوار تھا، اور تو وہ ہے جس سے زمین و آسمان کے اندر کا کوئی راز مخفی نہیں ہے مگر یہ کہ تو (قیامت کے دن) اسے لا حاضر کرے گا، تو جزا دینے اور حساب کرنے کیلئے بہت کافی ہے۔

اَللّٰهُمَّ اِنَّكَ طَالِبِیْۤ اِنْ اَنَا هَرَبْتُ، وَ مُدْرِكِیْۤ اِنْ اَنَا فَرَرْتُ، فَهَاۤ اَنَا ذَا بَیْنَ یَدَیْكَ خَاضِعٌ ذَلِیْلٌ رَّاغِمٌ، اِنْ تُعَذِّبْنِیْ فَاِنِّیْ لِذٰلِكَ اَهْلٌ، وَ هُوَ- یَا رَبِّ- مِنْكَ عَدْلٌ، وَ اِنْ تَعْفُ عَنِّیْ فَقَدِیْمًا شَمَلَنِیْ عَفْوُكَ، وَ اَلْبَسْتَنِیْ عَافِیَتَكَ.

اے اللہ! میں اگر بھاگنا چاہوں تو تو مجھے ڈھونڈ لے گا، اگر راہ گریز اختیار کروں تو تو مجھے پا لے گا، لے دیکھ میں عاجز، ذلیل اور شکستہ حال تیرے سامنے کھڑا ہوں، اگر تو عذاب کرے تو میں اس کا سزاوار ہوں، اے میرے پروردگار! یہ تیری جانب سے عین عدل ہے، اور اگر تو معاف کر دے تو تیرا عفو و درگزر ہمیشہ میرے شامل حال رہا ہے، اور تو نے صحت و سلامتی کے لباس مجھے پہنائے ہیں۔

فَاَسْئَلُكَ- اللّٰهُمَّ- بِالْمَخْزُوْنِ مِنْ اَسْمَآئِكَ، وَ بِمَا وَارَتْهُ الْحُجُبُ مِن بَهَآئِكَ، اِلَّا رَحِمْتَ هٰذِهِ النَّفْسَ الْجَزُوْعَةَ، وَ هٰذِهِ الرِّمَّةَ الْهَلُوْعَةَ، الَّتِیْ لَا تَسْتَطِیْعُ حَرَّ شَمْسِكَ، فَكَیْفَ تَسْتَطِیْعُ حَرَّ نَارِكَ،! وَ الَّتِیْ لَا تَسْتَطِیْعُ صَوْتَ رَعْدِكَ، فَكَیْفَ تَسْتَطِیْعُ صَوْتَ غَضَبِكَ.

بار الٰہا! میں تیرے ان پوشیدہ ناموں کے وسیلہ سے اور تیری اس بزرگی کے واسطہ سے جو (جلال و عظمت کے) پردوں میں مخفی ہے، تجھ سے یہ سوال کرتا ہوں کہ اس بے تاب نفس اور بے قرار ہڈیوں کے ڈھانچہ پر ترس کھا، (اس لئے کہ) جو تیرے سورج کی تپش کو برداشت نہیں کر سکتا وہ تیرے جہنم کی تیزی کو کیسے برداشت کرے گا، اور جو تیرے بادل کی گرج سے کانپ اٹھتا ہے وہ تیرے غضب کی آواز کو کیسے سن سکتا ہے۔

فَارْحَمْنِی- اللّٰهُمَّ- فَاِنِّی امْرُؤٌ حَقِیْرٌ، وَ خَطَرِیْ یَسِیْرٌ، وَ لَیْسَ عَذَابِیْ مِمَّا یَزِیْدُ فِیْ مُلْكِكَ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ، وَ لَوْ اَنَّ عَذَابِیْ مِمَّا یَزِیْدُ فِیْ مُلْكِكَ لَسَئَلْتُكَ الصَّبْرَ عَلَیْهِ، وَ اَحْبَبْتُ اَنْ یَّكُوْنَ ذٰلِكَ لَكَ، وَ لٰكِنْ سُلْطَانُكَ- اللّٰهُمَّ- اَعْظَمُ، وَ مُلْكُكَ اَدْوَمُ مِنْ اَنْ تَزِیْدَ فِیْهِ طَاعَةُ الْمُطِیْعِیْنَ، اَوْ تَنْقُصَ مِنْهُ مَعْصِیَةُ الْمُذْنِـبِیْنَ. فَارْحَمْنِیْ یَاۤ اَرْحَمَ الرَّاحِمِیْنَ، وَ تَجَاوَزْ عَنِّیْ یَا ذَا الْجَلَالِ وَ الْاِكْرَامِ، وَ تُبْ عَلَیَّ، اِنَّكَ اَنْتَ التَّوَّابُ الرَّحِیْمُ.

لہٰذا میرے حالِ زار پر رحم فرما اس لئے کہ اے میرے معبود! میں ایک حقیر فرد ہوں جس کا مرتبہ پست تر ہے، اور مجھ پر عذاب کرنا تیری سلطنت میں ذرّہ بھر اضافہ نہیں کر سکتا،اور اگر مجھے عذاب کرنا تیری سلطنت کو بڑھا دیتا تو میں تجھ سے عذاب پر صبر و شکیبائی کا سوال کرتا اور یہ چاہتا کہ وہ اضافہ تجھے حاصل ہو، لیکن اے میرے معبود! تیری سلطنت اس سے زیادہ عظیم اور اس سے زیادہ دوام پذیر ہے کہ فرمانبرداروں کی اطاعت اس میں کچھ اضافہ کر سکے، یا گنہگاروں کی معصیت اس میں سے کچھ گھٹا سکے، تو پھر اے تمام رحم کرنے والوں سے زیادہ رحم کرنے والے! مجھ پر رحم فرما، اور اے جلال و بزرگی والے! مجھ سے درگزر کر اور میری توبہ قبول فرما، بے شک تو توبہ قبول کرنے والا اور رحم کرنے والا ہے۔

–٭٭–

یہ دُعا خوف و خشیت الٰہی کے سلسلہ میں ہے۔ جب انسان کو اپنی عبودیت کا احساس ہوتا ہے تو اللہ تعالیٰ کی عظمت و جبروت سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہتا اور اسی تاثر کا نام ’’خوف‘‘ ہے جو عبودیت کا جو ہر، انسانی عزت کا سرمایہ اور دینی و اخلاقی زندگی کا محافظ ہے۔ کیونکہ انسان کے دل میں اللہ تعالیٰ کا خوف بسا ہو تو پھر اس کی مطلق العنانی اسے خواہشات نفس کی پیروی سے روک دیتی ہے اور محاسبہ اور اپنے اعمال پر سزا کے مرتب ہونے کے اندیشہ سے گناہوں سے بچ کر رہنے کی کوشش کرتا ہے۔ اور اگر خوف کا مظاہرہ کرے مگر خوف اس کی زندگی پر اثر انداز نہ ہو اور نہ اس میں فرض شناسی کا احساس پیدا کرے تو وہ در حقیقت خوف ہی نہیں ہے۔ کیونکہ خوف مشاہدہ میں آنے والی چیز تو ہے نہیں۔ اس کا اندازہ انسانی کردار کے تاثر ہی سے ہو سکتا ہے۔

بہرحال خوف خدا مختلف دواعی و اسباب کی بنا پر پیدا ہوتا ہے:

کبھی گناہ اور اس کے ہولناک نتائج کے تصور سے خوف طاری ہوتا ہے۔ کیونکہ جب انسان اللہ تعالیٰ کو اپنے اعمال پر حاضر ناظر سمجھے گا اور حشر و نشر پر ایمان رکھے گا تو سزا و محاسبہ کے ڈر سے اس سے خوف کھائے گا، لیکن یہ ڈر اپنی تکلیف و اذیت کے احساس کی بنا پر ہے۔ یہ اگرچہ اس سطح پر نہیں ہے جس سطح پر بلند نظر افراد کا خوف ہوتا ہے، تا ہم یہ انسان کیلئے توبہ کا محرک اور اصلاح نفس اور اپنے حالات کی تبدیلی پر آمادہ کرنے کا باعث ہوتا ہے۔

اور کبھی اس تصور کے پیش نظر خوف ہوتا ہے کہ ایسا نہ ہو کہ توبہ کے بعد پھر خواہشات نفس غالب آ جائیں اور گناہ اس طرح گھیر لیں کہ توبہ کی توفیق ہی نہ ہو اور حشر و نشر اور حساب و کتاب کے موقع پر شرمندگی اٹھانا اور عذاب الٰہی سے دو چار ہونا پڑے۔

اور کبھی خواہشات و جذبات پر پورا قابو ہونے کے باوجود صرف اس کی عظمت و ہیبت کے تصور سے خوف طاری ہوتا ہے۔ چنانچہ جب صلحاء و ابرار اس کی رفعت و کبریائی سے متاثر ہوتے ہیں تو ان کے دل کانپ اٹھتے ہیں، جسم پر کپکپی اور بدن پر لرزہ طاری ہو جاتا ہے۔ اس خوف کو ’’خشیت و رہبت‘‘ سے تعبیر کیا جاتا ہے اور یہ نتیجہ ہے علم و معرفت کا۔ چنانچہ خداوند عالم کا ارشاد ہے:

﴿اِنَّمَا يَخْشَى اللہَ مِنْ عِبَادِہِ الْعُلَمٰۗؤُا﴾

اللہ سے بس وہی لوگ ڈرتے ہیں جو علم و معرفت رکھتے ہیں۔ [۱]

اس علم و معرفت کی بنا پر پیغمبر اکرم ﷺ کا ارشاد ہے:

اَنَا اَخْشَاكُمْ لِلّٰهِ وَ اَتْقَاكُمْ لِلّٰهِ.

میں تم سب سے زیادہ اللہ سے خائف و ترساں ہوں۔ [۲]

اور کبھی خوف، گناہ اور احساس عظمت دونوں قسم کے ملے جلے جذبات کے نتیجہ میں ہوتا ہے اور کبھی صرف قرب خداوندی و لقائے ربانی سے محرومی کے تصور سے ہوتا ہے۔ اس میں نہ سزا کی دہشت کار فرما ہوتی ہے اور نہ حشر و نشر کے خوف کی آمیزش، بلکہ بندہ کسی جزا کی امید اور کسی سزا کے اندیشہ سے بلند تر ہو کر صرف بارگاہ ایزدی سے دوری کے تصور سے گھبراتا اور اس کی نظر التفات کی محرومی سے ہراساں ہوتا ہے۔ چنانچہ امیر المومنین علیہ السلام کا ارشاد ہے:

فَهَبْنِیْ يَاۤ اِلٰهِی وَ سَيِّدِیْ وَ مَوْلَایَ وَ رَبِّیْ صَبَرْتُ عَلٰى عَذَابِكَ فَكَيْفَ اَصْبِرُ عَلٰى فِرَاقِكَ؟.

اے میرے معبود! میرے مالک! میرے مولا! میرے پروردگار! یہ مانا کہ میں نے تیرے عذاب پر صبر کر لیا، مگر تیری دوری و فراق پر کیونکر صبر کروں گا؟۔ [۳]

یہ خوف کا مرتبہ تمام مراتب خوف سے بلند تر اور صدیقین و مقربین بارگاہ سے مخصوص ہے۔

حضرتؑ کی یہ دُعا خوف الٰہی کے سلسلہ میں ایک جامع اور تمام اقسام خوف کو شامل ہے جس میں ابتداءً اس کے احسانات اور ہمہ گیر رحمت و غفران کا ذکر کیا ہے۔ پھر اپنے گناہوں کا اقرار، عفو و درگزر کی توقع، سزا و عقوبت کو اس کے عدل کا تقاضا قرار دیتے ہوئے عذاب کے مقابلہ میں اپنی عاجزی و ناطاقتی کا اظہار کیا ہے۔ اس طرح کہ جو دھوپ کی حدت کو برداشت نہ کر سکے وہ دوزخ کے بھڑکتے ہوئے شعلوں کی تپش کو کیسے برداشت کر لے گا اور جو بجلی کی کڑک کی آواز پر دہل جاتا ہو وہ اس کے غیظ و غضب کی دہشت اور اس کی رحمت سے دوری کا کس طرح متحمل ہو سکتا ہے اور آخر میں اس کی شاہی و فرمانروائی کا ذکر کیا ہے کہ اس کی سلطنت و شاہی کو دنیوی حکومتوں پر قیاس نہ کرنا چاہیے۔ کیونکہ دوسرے حکمرانوں کو اپنی حکومت کی بقا کیلئے رعیت کے تعاون اور لشکر و سپاہ کی اعانت کی حاجت ہوتی ہے اور اسے مخالفوں کی مخالفت کی پروا اور ہمنواؤں کی ہمنوائی کی احتیاج نہیں ہے۔ نہ فرمانبرداروں کی فرمانبرداری سے اس کے ملک و سلطنت میں اضافہ ہوتا ہے اور نہ خطاکاروں کی نافرمانی اس پر اثر انداز ہو سکتی ہے کہ وہ فرمانبرداروں کو ساتھ ملائے رکھنے کی کوشش کرے اور نافرمانوں اور مجرموں کو سزا دے کر اپنی حکومت کا استحکام چاہیے، کیونکہ اس کی سلطنت غیر مختتم، ملک لازوال اور بادشاہی ہمہ گیر ہے۔ اور یہ اقتدار و غلبہ اسے اپنی قدرت سے حاصل ہے جس میں احتیاج کا شائبہ بھی نہیں ہے۔ اور نہ کوئی اس کا مد مقابل ہے اور نہ کوئی اس سے متصادم ہو سکتا ہے اور ہر متنفس وہ فرمانبردار ہو یا نافرمان اس کے زیر تسلط و اقتدار ہے۔ لہٰذا وہ گنہگاروں سے عفو و درگزر کرکے اپنی رحمت کو کار فرما کرے تو اس کی شان کریمی سے بعید نہیں ہے۔

[٭٭٭٭٭]

[۱]۔ سورۂ فاطر، آیت ۲۸

[۲]۔ ریاض السالکین، ج ۷، ص ۳۷۵

[۳]۔ مصباح المتہجد، ج ۲، ص ۸۴۷

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button