کلمات قصار

نہج البلاغہ حکمت 6: خود پسندی

(٦) وَ قَالَ عَلَیْهِ السَّلَامُ

(۶)

مَنْ رَّضِیَ عَنْ نَّفْسِهٖ كَثُرَ السَّاخِطُ عَلَیْهِ. وَ الصَّدَقَةُ دَوَآءٌ مُّنْجِحٌ، وَ اَعْمَالُ الْعِبَادِ فِیْ عَاجِلِهِمْ نُصْبُ اَعْیُنِهِمْ فِیْۤ اٰجِلِهِمْ.

جو شخص اپنے کو بہت پسند کرتا ہے وہ دوسروں کو ناپسند ہو جاتا ہے اور صدقہ کامیاب دوا ہے اور دنیا میں بندوں کے جو اعمال ہیں وہ آخرت میں ان کی آنکھوں کے سامنے ہوں گے۔

یہ ارشاد تین جملوں پر مشتمل ہے:

پہلے جملہ میں خود پسندی سے پیدا ہونے والے نتائج و اثرات کا ذکر کیا ہے کہ اس سے دوسروں کے دلوں میں نفرت و حقارت کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ چنانچہ جو شخص اپنی ذات کو نمایاں کرنے کیلئے بات بات میں اپنی برتری کا مظاہرہ کرتا ہے وہ کبھی عزت و احترام کی نگاہ سے نہیں دیکھا جاتا اور لوگ اس کی تفوق پسندانہ ذہنیت کو دیکھتے ہوئے اس سے نفرت کرنے لگتے ہیں اور اسے اتنا بھی سمجھنے کو تیار نہیں ہوتے جتنا کچھ وہ ہے، چہ جائیکہ جو کچھ وہ اپنے آپ کو سمجھتا ہے وہی کچھ اسے سمجھ لیں۔

دوسرا جملہ صدقہ کے متعلق ہے اور اسے ایک ’’کامیاب دوا‘‘ سے تعبیر کیا ہے، کیونکہ جب انسان صدقہ و خیرات سے محتاجوں اور ناداروں کی مدد کرتا ہے تو وہ دل کی گہرائیوں سے اس کیلئے دُعائے صحت و عافیت کرتے ہیں جو قبولیت حاصل کر کے اس کی شفایابی کا باعث ہوتی ہے۔

چنانچہ پیغمبر اکرم ﷺ کا ارشاد ہے کہ:

دَاوُوْا مَرْضَاكُمْ بِالصَّدَقَةِ.

اپنے بیماروں کا علاج صدقہ سے کرو۔ (الکافی، ج۴، ص۳)

تیسرا جملہ حشر میں اعمال کے بے نقاب ہو نے کے متعلق ہے کہ انسان اس دنیا میں جو اچھے اور برے کام کرتا ہے وہ حجاب عنصری کے حائل ہونے کی وجہ سے ظاہری حواس سے ادراک نہیں ہو سکتے۔ مگر آخرت میں جب مادیت کے پردے اٹھا دیئے جائیں گے تو وہ اس طرح آنکھوں کے سامنے عیاں ہو جائیں گے کہ کسی کیلئے گنجائش انکار نہ رہے گی۔

چنانچہ ارشادِ الٰہی ہے:

﴿ يَوْمَٮِٕذٍ يَّصْدُرُ النَّاسُ اَشْتَاتًا  ۙ لِّيُرَوْا اَعْمَالَهُمْؕ‏ ﴿۶﴾ فَمَنْ يَّعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ خَيْرًا يَّرَهٗ ؕ‏ ﴿۷﴾ وَمَنْ يَّعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ شَرًّا يَّرَهٗ‏ ﴾

اس دن لوگ گروہ گروہ (قبروں سے ) اُٹھ کھڑے ہوں گے تاکہ وہ اپنے اعمال کو دیکھیں، تو جس نے ذرّہ بھر نیکی کی ہو گی وہ اسے دیکھ لے گا، اور جس نے ذرّہ بھر برائی کی ہو گی وہ اسے دیکھ لے گا۔ (سورۂ زلزلہ، آیت۶-۸)

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button