
منظوم ترجمہ: شاعر نہج البلاغہ مولانا سلمان عابدیؔ
خدا نے آپ کو اہل جمل پر غلبہ جب بخشا
تو اس موقع پہ آکر اک صحابی یوں ہوئے گویا
فلاں بھائی بھی میرا ہوتا گر! یہ دیکھتا منظر
کہ رب نے دشمنوں پر فتح بخشی آپ کو کیونکر
تو فرمایا تمہارا بھائی کیا شیدا ہمارا ہے
تو بولے ہاں وہ عاشق ہے محب ہے اور شیدا ہے
تو فرمایا کہ وہ بھائی ہمارے ساتھ تھا واللہ
اور اس لشکر میں وہ اشخاص بھی سب ہیں مرے ہمراہ
ابھی مردوں کے صلب اور عورتوں کے رحم میں ہیں جو
زمانہ لائے گا باہر تو قوت دیں گے ایماں کو
ختم شد





