مطبوعات

صدائے علی علیہ السلام

امیر المومنین علیہ السلام کے کلام کا جو حصہ سید رضی نے جمع کیا اور نہج البلاغہ کا نام دیا ،اس کا آدھے سے زیادہ حصہ موعظہ پر مبنی ہے۔امام عالی مقامؑ کبھی ھمام کے سوال کے جواب میں،کبھی حارث ہمدانی کو تلقین کی صورت میں ،کبھی جناب سلمان فارسی کو ہدایت کے انداز میں ،کبھی مالک اشتر کی راہنمائی میں ،کبھی ابوذر کی حوصلہ افزائی میں ۔کبھی حسان مجتبیٰؑ کو تحریر میں،کبھی محمد حنفیہ کو ہنر ِجنگ کے انداز میں ،کبھی کمیل کے ساتھ راز و نیاز میں ،کبھی حسنین شریفین ؑ کو وصیت کی صورت میں،کبھی عثمان بن حنیف کو تنبیہ کے طریقے سے،کبھی افراد کو اور کبھی پوری قوم کو خطاب کی صورت میں موعظہ فرماتے ہیں۔
ان رقت آمیز نصیحتوں اور دلسوزی کی روح پرور صداؤں کو کبھی نوف بکالی نقل کرتے ہیں کہ ’’کوفہ میں پتھر پر کھڑے تھے،جسم مبارک پر اونی جبہ تھا،تلوار کا نیام کھجور کے پتوں کا تھا،پیروں میں جوتے بھی کھجور کی پتیوں کے تھے،پیشانی پر سجدوں کے نشان تھے،نوف کہتے ہیں ایک مقام پر پہنچ کر امام نے اپنا ہاتھ ریش مبارک پر پھیرا اور دیر تک روتے رہے اور پھر فرمایا:
أَيْنَ إِخْوَانِيَ الَّذِينَ رَكِبُوا الطَّرِيقَ وَ مَضَوْا عَلَى الْحَقِّ أَيْنَ عَمَّارٌ وَ أَيْنَ ابْنُ التَّيِّهَانِ وَ أَيْنَ ذُو الشَّهَادَتَيْنِ وَ أَيْنَ نُظَرَاؤُهُمْ مِنْ إِخْوَانِهِمُ الَّذِينَ تَعَاقَدُوا عَلَى الْمَنِيَّةِ وَ أُبْرِدَ بِرُءُوسِهِمْ إِلَى الْفَجَرَةِ . (نہج البلاغہ :خطبہ ۱۸۰)
آہ! کہاں ہیں ؟وہ میرے بھائی کہ جو سیدھی راہ پر چلتے رہے ۔ اورحق پر گزرگئے کہاں ہیں ؟عمار اور کہاں ہیں ؟ابن تیہان اور کہاں ہیں ؟ ذوالشہا دتین او رکہاں ہیں ان کے ایسے دوسرے بھائی کہ جو مرنے پر عہد و پیمان باندھے ہوئے تھے اور جن کے سروں کو فاسقوں کے پاس روانہ کیا گیا۔

کبھی ضرارجیسے اصحاب ان موعظوں کو حاکم شام کے سامنے بیان کرتے ہیں۔

خدا وند متعال ہمیں اس قابل بنائے کہ ان مقدس صداؤں کو،امام مظلوم کے نالوں کو،ہدایت کے ان اصولوں کو سن سکیں اور پھر عمل سے لبیک کہہ سکیں۔جہاں ان فرامین کو اپنی زندگیوں میں اپنانا ضروری ہے اسی طرح دوسروں کو ان فرامین سے مطلع کرنا بھی لازم ہے ۔اگر ہم ان فرامین کو عام کر سکیں تو معصوم خود فرماتےہیں کہ ان میں اتنی تأثیر ہے کہ لوگ ہماری طرف رجوع کریں گے۔

والسلام علیکم
مقبول حسین علوی
(جنوری ۲۰۱۶)

آن لائن پڑھیں

ڈاؤن لوڈ کریں

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی دیکھیں
Close
Back to top button