مطبوعات

نہج البلاغہ و غررالحکم و دررالکلم کے مشترکات

مولا نا ملک سجاد عباس صاحب اور مولانا سید مظہر حسن عریضی صاحب

بسم اللہ الرحمن الرحیم

نہج البلاغہ جیسی جامع کتاب کے مرتب ہونے کے بعد بھی صاحبانِ عقل و فہم حکمت علوی کی پیاس محسوس کرتے رہے اور آپؑ کے کلام کی تلاش میں رہے اور متعدد کتابیں ہوئیں جن میں امیر المؤمنین علیہ السلام کے کلام کو جمع کیا گیا۔ انہی صاحبان علم و فضل میں سے ایک شخصیت جناب علامہ عبد الواحد الآمدی متوفی ۵۱۰ کی ہے۔ جنہوں نے جناب امیر المؤمنین علیہ السلام کے مختصر کلمات کو جمع کیا اور اس مجموعہ کا نام ”غرر الحکم و دررالکلم“ رکھا۔ حروف تیجی کی ترتیب سے جمع کئے جانے والے ان کلمات علوی کی تعداد ۱۰۸۴۲ ہے۔

مرکز افکار اسلامی ایک مدت سے نہج البلاغہ کو عام کرنے اور محبان امیر المؤمنین علیہ السلام تک آپ کے کلام کو پہنچانے میں مشغول ہے۔ اس مقصد کے لیے نہج البلاغہ اور اس کی تعلیمات سے متعلق متعدد کتب شائع کی گئیں۔ نہج البلاغہ اور کلام امیر المؤمنین علیہ السلام کا جب بیان آتا ہے تو بارہا غرر الحکم کے چھوٹے چھوٹے جملات سامنے آتے ہیں مختصر اور عام فہم ہونے کی وجہ سے ایسے جملات کو پسند کیا جاتا ہے۔ اس لیے اس کتاب میں کوشش کی گئی ہے کہ نہج البلاغہ کے وہ مختصر جملات جو مکمل طور پر یا بہت ہی مختصر فرق کے ساتھ غرر الحکم میں بیان ہوئے ہیں انہیں یکجا کیا جائے۔ اس کام کے لیے حوزہ علمیہ قم کے دو افاضل جناب مولانا ملک سجاد عباس صاحب اور جناب مولانا سید مظہر عریضی سے گزارش کی گئی تو انہوں نے طویل جد و جہد کے بعد نہج البلاغہ میں ۷۶۶ ایسے کلمات تلاش کئے جو بعینہ یا مختصر فرق کے ساتھ غرر الحکم میں موجود ہیں۔ غرر الحکم میں نہج البلاغہ والے یہ کلمات مزید مختصر ہونے کی وجہ سے یا ایک سے زیادہ مقام پر درج ہونے کی وجہ سے ۱۵۲۶ کی تعداد میں ذکر ہوئے ہیں۔

اس تحقیق کے لیے نہج البلاغہ کا علامہ مفتی جعفر حسینؒ کے ترجمہ مطبوعہ مرکز افکار اسلامی والا نسخہ اور غررالحکم مؤسسه الاعلمی للمطبوعات بیروت کی چاپ مدنظر ہے۔ کتاب میں پہلے نہج البلاغہ کی عبارت اور اس کا حوالہ درج کیا گیا۔ اس کے بعد اس عبارت کا ترجمہ پیش کیا گیا۔ پھر غرر الحکم میں جہاں جہاں نہج البلاغہ کا یہ کلام بیان ہوا ہے اسے اس فرمان کے نمبر کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ غرر الحکم کے کلام کے نہج البلاغہ کے کلام کے مطابق یا معمولی فرق ہونے کی وجہ سے اس کا الگ ترجمہ نہیں کیا گیا بلکہ نہج البلاغہ والے ترجمہ پر ہی اکتفاء کیا گیا ہے۔
اس تحقیق سے پڑھنے والوں کو غرر الحکم سے بھی آشنائی ہوگی اور نہج البلاغہ کی عبارتوں کی الگ کتاب کے ذریعہ تصدیق و تائید ہو جائے گی۔

اللہ سبحانہ سے دعا ہے کہ ہم سب کو کلام امیر المؤمنین علیہ السلام کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے اور اس حکمت آمیز کلام کو دوسروں تک پہنچانے کی سعادت عطا فرمائے اور حجۃ الاسلام و المسلمین مولا نا ملک سجاد عباس صاحب اور حجۃ الاسلام مولانا سید مظہر حسن عریضی صاحب کو اس کار خیر کا اجر نصیب فرمائے۔

والسلام
مقبول حسین علوی
مرکز افکار اسلامی ۲۱ ستمبر ۲۰۲۳

آن لائن پڑھیں ڈاؤنلوڈ کریں

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی دیکھیں
Close
Back to top button