حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی احادیث و روایات

حضرت امام رضا علیہ السلام سے بے شمار احادیث مروی ہیں جن میں سے چند ایک یہ ہیں:
1۔ بچوں کے لیے ماں کے دودھ سے بہتر کوئی دودھ نہیں۔
2۔ سرکہ بہترین سالن ہے جس کے گھر میں سرکہ ہوگا وہ محتاج نہ ہوگا۔
3۔ ہر انار میں ایک دانہ جنت کا ہوتا ہے۔
4۔ منقی صفرا کو درست کرتا ہے بلغم کو دور کرتا ہے پٹھوں کو مضبوط کرتا ہے نفس کو پاکیزہ بناتا اور رنج و غم کو دور کرتا ہے۔
5۔ شہد میں شفا ہے، اگر کوئی شہد ہدیہ کرے تو واپس نہ کرو۔
6۔ گلاب جنت کے پھولوں کا سردار ہے۔
7۔ بنفشہ کا تیل سر میں لگانا چاہئے اس کی تاثیر گرمیوں میں سرد اور سردیوں میں گرم ہوتی ہے۔
8۔ جو زیتون کا تیل سر میں لگائے یا کھائے اس کے پاس چالیس دن تک شیطان نہ آئے گا۔
9۔ صلہ رحم اور پڑوسیوں کے ساتھ اچھا سلوک کرنے سے مال میں زیادتی ہوتی ہے۔
10۔ اپنے بچوں کا ساتویں دن ختنہ کر دیا کرو اس سے صحت ٹھیک ہوتی ہے اور جسم پر گوشت چڑھتا ہے۔
11۔ جمعہ کے دن روزہ رکھنا دس روزوں کے برابر ہے۔
12۔ جو کسی عورت کا مہرنہ دے یا مزدور کی اجرت روکے یا کسی کو فروخت کر دے وہ بخشا نہ جائے گا۔
13۔ شہد کھانے اور دودھ پینے سے حافظہ بڑھتا ہے۔
14۔ گوشت کھانے سے شفا ہوتی ہے اور مرض دور ہوتا ہے۔
15۔ کھانے کی ابتداء نمک سے کرنی چاہئے کیونکہ اس سے ستر بیماریوں سے حفاظت ہوتی ہے جن میں جذام بھی ہے۔
16۔ جو دنیا میں زیادہ کھائے گا قیامت میں بھوکا رہے گا۔
17۔ مسور ستر انبیاء علیہم السلام کی پسندیدہ خوراک ہے اس سے دل نرم ہوتا ہے اور آنسو بنتے ہیں۔
18۔ جو چالیس دن گوشت نہ کھائے بداخلاق ہو جائے گا۔
19۔ کھانا ٹھنڈا کرکے کھانا چاہئے۔
20۔ کھانے پیالے کے کنارے سے کھانا چاہئے۔
21۔ طول عمر کے لیے اچھا کھانا، اچھی جوتی پہننا اور قرض سے بچنا، کثرت جماع سے پرہیز کرنا مفید ہے۔
22۔ اچھے اخلاق والا پیغمبر اسلام ﷺ کے ساتھ قیامت میں ہوگا۔
23۔ جنت میں متقی اور حسن خلق والوں کی اور جہنم میں پیٹو اور زناکاروں کی کثرت ہوگی۔
24۔ امام حسین علیہ السلام کے قال بخشے نہ جائیں گے ان کا بدلہ خدا لے گا۔
25۔ حسن اور حسین علیہم السلام جوانان جنت کے سردار ہیں اور ان کے پدر بزرگواران سے بہتر ہیں۔
26۔ اہل بیت علیہم السلام کی مثال سفینہ نوح علیہ السلام جیسی ہے، نجات وہی پائے گا جو اس پر سوار ہوگا۔
27۔ حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا ساق عرش پکڑ کر قیامت کے دن واقعہ کربلا کا فیصلہ چاہیں گی اس دن ان کے ہاتھ میں امام حسین علیہ السلام کا خون بھرا پیراہن ہوگا۔
28۔ خدا سے روزی صدقہ دیے کر مانگو۔
29۔ سب سے پہلے جنت میں وہ شہدا اور عیال دار جائیں گے جو پرہیزگار ہوں گے اور سب سے پہلے جہنم میں حاکم غیر عادل اور مالدار جائیں گے۔
(مسند امام رضا طبع مصر 1341 ہجری)
30۔ ہر مومن کا کوئی نہ کوئی پڑوسی اذیت کا باعث ضرور ہوگا۔
31۔ بالوں کی سفیدی کا سر کے اگلے حصے سے شروع ہونا سلامتی اور اقبال مندی کی دلیل ہے اور رخساروں ڈاڑھی کے اطراف سے شروع ہونا سخاوت کی علامت ہے اور گیسوؤں سے شروع ہونا شجاعت کا نشان ہے اور گدی سے شروع ہونا نحوست ہے۔
32۔ قضا و قدرکے بارے میں آپ نے فضیل بن سہیل کے جواب میں فرمایا کہ انسان نہ بالکل مجبور ہے اور نہ بالکل آزاد ہے۔
(نورالابصار ص 140)




