صحیفہ کاملہ

3- دعائے روز سہ شنبہ

۳۔ دُعَآءُ یَوْمِ الْثُلُثآءِ

[۳] دُعائے روز سہ شنبہ

اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ وَ الْحَمْدُ حَقُّهٗ، كَمَا یَسْتَحِقُّهٗ حَمْدًا كَثِیْرًا.

سب تعریف اللہ کیلئے ہے، اور وہی تعریف کا حقدار، اور وہی اس کا مستحق ہے، ایسی تعریف جو کثیر و فراواں ہو۔

وَ اَعُوْذُ بِهٖ مِنْ شَرِّ نَفْسِیْ، اِنَّ النَّفْسَ لَاَمَّارَةٌ بِالسُّوْٓءِ اِلَّا مَا رَحِمَ رَبِّیْ، وَ اَعُوْذُ بِهٖ مِنْ شَرِّ الشَّیْطٰنِ الَّذِیْ یَزِیْدُنِیْ ذَنبًا اِلٰى ذَنبِیْ، وَ اَحْتَرِزُ بِهٖ مِنْ كُلِّ جَبَّارٍ فَاجِرٍ، وَ سُلْطَانٍ جَآئِرٍ، وَ عَدُوٍّ قَاهِرٍ.

اور میں اپنے ضمیر کی برائی سے اس کے دامن میں پناہ مانگتا ہوں، اور بے شک نفس بہت زیادہ برائی پر ابھارنے والا ہے مگر یہ کہ میرا پروردگار رحم کرے، اور میں اللہ ہی کے ذریعہ اس شیطان کے شر و فساد سے پناہ چاہتا ہوں جو میرے لئے گناہ پر گناہ بڑھاتا جا رہا ہے، اور میں ہر سرکش، بدکار اور ظالم بادشاہ اور چیرہ دست دشمن سے اُس کے دامن حمایت میں پناہ گزیں ہوں۔

اَللّٰهُمَّ اجْعَلْنِیْ مِنْ جُنْدِكَ فَاِنَّ جُنْدَكَ هُمُ الْغَالِبُوْنَ، وَ اجْعَلْنِیْ مِنْ حِزْبِكَ فَاِنَّ حِزْبَكَ هُمُ الْمُفْلِحُوْنَ، وَ اجْعَلْنِیْ مِنْ اَوْلِیَآئِكَ فَاِنَّ اَوْلِیَآئَكَ لَا خَوْفٌ عَلَیْهِمْ وَ لَا هُمْ یَحْزَنُوْنَ.

بار الٰہا! مجھے اپنے لشکر میں قرار دے کیونکہ تیرا لشکر ہی غالب و فتح مند ہے، اور مجھے اپنے گروہ میں قرار دے کیونکہ تیرا گروہ ہی ہر لحاظ سے بہتری پانے والا ہے، اور مجھے اپنے دوستوں میں سے قرار دے کیونکہ تیرے دوستوں کو نہ کوئی اندیشہ ہوتا ہے اور نہ وہ افسرده و غمگین ہوتے ہیں۔

اَللّٰهُمَّ اَصْلِحْ لِیْ دِیْنِیْ فَاِنَّهٗ عِصْمَةُ اَمْرِیْ، وَ اَصْلِحْ لِیْ اٰخِرَتِیْ فَاِنَّهَا دَارُ مَقَرِّیْ، وَ اِلَیْهَا مِنْ مُّجَاوَرَةِ اللِّئَامِ مَفَرِّیْ، وَ اجْعَلِ الْحَیٰوةَ زِیَادَةً لِّیْ فِیْ كُلِّ خَیْرٍ، وَ الْوَفَاةَ رَاحَةً لِّیْ مِنْ كُلِّ شَرٍّ.

اے اللہ! میرے لئے میرے دین کو آراستہ کر دے اس لئے کہ وہ میرے ہر معاملہ میں حفاظت کا ذریعہ ہے، اور میری آخرت کو بھی سنوار دے کیونکہ وہ میری مستقل منزل اور دنی و فرومایہ لوگوں سے (پیچھا چھڑا کر) نکل بھاگنے کی جگہ ہے، اور میری زندگی کو ہر نیکی میں اضافہ کا باعث اور میری موت کو ہر رنج و تکلیف سے راحت و سکون کا ذریعہ قرار دے۔

اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ خَاتَمِ النَّبِیِّیْنَ، وَ تَمَامِ عِدَّةِ الْمُرْسَلِیْنَ، وَ عَلٰۤى اٰلِهِ الطَّیِّبِیْنَ الطَّاهِرِیْنَ، وَ اَصْحَابِهِ الْمُنْتَجَبِیْنَ.

اے اللہ! محمدﷺ جو نبیوں کے خاتم اور پیغمبروں کے سلسلہ کے فردِ آخر ہیں، ان پر اور اُن کی پاک و پاکیزہ آلؑ اور برگزیدہ اصحاب پر رحمت نازل فرما۔

وَ هَبْ لِیْ فِی الثُلُثَآءِ ثَلَاثًا: لَا تَدَعْ لِیْ ذَنبًا اِلَّا غَفَرْتَهٗ، وَ لَا غَمًّا اِلَّا اَذْهَبْتَهٗ، وَ لَا عَدُوًّا اِلَّا دَفَعْتَهٗ.

اور مجھے اس روز سه شنبہ میں تین چیزیں عطا فرما: وہ یہ کہ میرے کسی گناہ کو باقی نہ رہنے دے مگر یہ کہ اسے بخش دے، اور نہ کسی غم کو مگر یہ کہ اسے بر طرف کر دے، اور نہ کسی دشمن کو مگر یہ کہ اسے دور کر دے۔

بِبِسْمِ اللهِ خَیْرِ الْاَسْمَآءِ، بِسْمِ اللهِ رَبِّ الْاَرْضِ وَ السَّمَآءِ، اَسْتَدْفِعُ كُلَّ مَكْرُوْهٍ اَوَّلُهٗ سَخَطُهٗ، وَ اَسْتَجْلِبُ كُلَّ مَحْبُوْبٍ اَوَّلُهٗ رِضَاهُ، فَاخْتِمْ لِیْ مِنْكَ بِالْغُفْرَانِ، یَا وَلِیَّ الْاِحْسَانِ.

بسم اللہ کے واسطہ سے جو(اللہ تعالیٰ کے) تمام ناموں میں سے بہتر نام (پر مشتمل )ہے، اور اللہ کے نام کے واسطہ سے جو زمین و آسمان کا پروردگار ہے، میں تمام نا پسندیدہ چیزوں کا دفعیہ چاہتا ہوں جن میں اول درجہ پر اس کی ناراضی ہے، اور تمام پسندیدہ چیزوں کو سمیٹ لینا چاہتا ہوں جن میں سب سے مقدم اس کی رضا مندی ہے، اے فضل و احسان کے مالک! تو اپنی جانب سے میرا خاتمه بخشش و مغفرت پر فرما۔

–٭٭–

سرنامۂ دُعا میں اللہ تعالیٰ کی حمد اور اس کے مستحق حمد ہونے کا تذکرہ ہے اور اس کا استحقاق اس سے ظاہر ہے کہ وہ تمام خوبیوں اور اچھی صفتوں کا مالک ہے۔ اور ’’حمد‘‘ کے معنی اچھی صفتوں کے بیان ہوتے ہیں، لہٰذا ہر مدحت و ثنا اسی کیلئے ہو گی اور ہر حمد و ستائش کا وہی سزاوار ہو گا۔ اس استحقاق کے تذکرہ کے بعد نفس امارہ اور اس کی باطل کوشیوں سے پناہ مانگی ہے، کیونکہ انسان کا سب سے بڑا دشمن خود اسی کا نفس ہے جو شیطانی وسوسوں سے متاثر ہو کر اچھی باتوں کو چھوڑ دیتا اور برے منصوبوں میں لگ جاتا ہے۔ ایسے موقعوں پر اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم ہی شریکِ حال ہو تو اس کے مہلکوں سے نجات حاصل ہو سکتی ہے۔ چنانچہ قرآن عزیز میں زنِ عزیز مصر یا حضرت یوسف علیہ السلام کی زبانی ارشاد ہوا ہے:

﴿وَمَآاُبَرِّئُ نَفْسِيْ۝۰ۚ اِنَّ النَّفْسَ لَاَمَّارَۃٌ بِالسُّوْءِ اِلَّا مَا رَحِمَ رَبِّيْ﴾

میں اپنے نفس کی پاکیزگی کا دعوی نہیں کرتا۔ یہ نفس تو بہت زیادہ برائی پر ابھارنے والا ہے۔ مگر اس صورت میں کہ میرا پروردگار رحم کرے۔[۱]

پھر شیطان کی فتنہ سامانی، بد کرداروں کی شوریدہ سری، فرمانرواؤں کی ستم کوشی اور دشمنوں کی چیرہ دستی سے بچاؤ کیلئے اللہ تعالیٰ کو پناہ گاہ قرار دیا ہے۔ کیونکہ وہی شیطان کے حربوں کو کند کرنے والا اور بد کرداروں، ظالم حکمرانوں اور فتنہ انگیز دشمنوں سے حفظ و نگہداشت کرنے والا ہے۔ نفس امارہ اور شیطان سے پناہ مانگنے کے بعد اللہ تعالیٰ کی فوج اور اس کے گروہ اور اس کے دوستوں کی جماعت میں محسوب ہونے کی دُعا فرمائی ہے۔ کیونکہ اللہ کی فوج نے کبھی شکست نہیں کھائی اور روزِ ازل سے غلبہ اس کے پائے نام ہو چکا ہے۔ اس غلبہ سے مراد ظاہری غلبہ نہیں ہے جو مادی فتوحات کی صورت میں حاصل ہوتا ہے۔ کیونکہ فوج کے بل بوتے اور قوت و طاقت کے سہارے سے حریفوں کو زیر کر لینا غلبہ ہوتا تو اللہ تعالیٰ کے مخصوص و برگزیدہ بندے کبھی دشمنوں سے زیر نہ ہوتے۔ اور پھر جو غلبہ طاقت کے ذریعہ حاصل ہوتا ہے وہ طاقت کے ذریعہ ختم بھی ہو جاتا ہے۔ فوج خداوندی کی ہار جیت کو دنیوی فتح و شکست پر قیاس نہیں کیا جا سکتا۔ اس لئے کہ وہ بظاہر ناکام ہو کر بھی کامیاب اور شکست کھا کر بھی فاتح و کامران ہوتی ہے۔ کبھی اس کی فتح ظاہری فتح کے لحاظ سے ہوتی ہے اور کبھی اس کی فتح اس میں مضمر ہوتی ہے کہ وہ بظاہر شکست کھا کر دلوں کو تسخیر کرے۔ اور حق و صداقت کی صورت میں اپنی دائمی فتح کے آثار چھوڑ جائے اور یہی فتح حقیقی فتح ہے۔ جو نصب العین کی کامیابی سے وابستہ ہے اور اللہ جل جلالہ کا گروہ وہ ہے جو حق و صداقت کی راہ پر استوار، صلاح و ہدایت کا روشن منار اور احیائے دین و اعلائے کلمۃ اللہ کیلئے ہمہ تن وقف ہے۔ اس کی زندگی کا مقصد ہی دنیا کو خدا پرستی کی راہ دکھانا اور جان جوکھوں میں ڈال کر منزل صدق و صفا کی طرف لے چلنا ہے۔ اسی کے نتیجہ میں ﴿اُولٰۗىِٕكَ ھُمُ الْمُفْلِحُوْنَ۝۵﴾[۲] کی آواز نے ہر طرح کی بہتری اس کیلئے مخصوص کر دی ہے اور دوستانِ خدا وہ ہیں جو اس کی رضا و خوشنودی کے حصول کیلئے دلوں کو اس کی یاد، زبانوں کو اس کے ذکر اور محراب عبادت کو تسبیح و تہلیل سے آباد رکھتے ہیں اور خوف خدا کے گھر کر لینے کی وجہ سے انہیں کوئی خوف ہراساں نہیں کرتا اور نہ رنج و اندوہ سے انہیں دو چار ہونا پڑتا ہے چنانچہ ارشاد الٰہی ہے:

﴿ اَلَآ اِنَّ اَوْلِيَآءَ اللہِ لَا خَوْفٌ عَلَيْہِمْ وَلَا ھُمْ يَحْزَنُوْنَ۝۶۲ۚۖ﴾

خدا کے دوستوں کیلئے نہ کوئی خوف ہو گا اور نہ انہیں کوئی رنج و غم ہو گا۔[۳]

علامہ طبرسی نے مجمع البیان میں تحریر کیا ہے کہ: ’’خوف‘‘ کا تعلق مستقبل سے ہوتا ہے اور ’’حزن‘‘ کا تعلق زمانہ گزشتہ سے۔ مقصد یہ ہے کہ انہیں نہ آخرت میں کوئی خوف و خطرہ ہو گا اور نہ انہیں دنیا اور دنیا کے ساز و سامان کے چھوڑنے کا غم ہوتا ہے۔ وہ دنیا میں ہر قسم کے خدشوں اور اندیشوں سے پاک اور آخرت میں امن و سکون کی چھاؤں میں منزل گزیں ہوں گے۔

پھر دین کی اصلاح و آراستگی کی دُعا ہے۔ اس لئے کہ دین ہی انسان کو فرائض و حقوق کی طرف توجہ دلاتا اور ان پر کاربند رہنے کی تلقین کرتا اور ایذا رسانیوں، فتنہ انگیزیوں، برائیوں اور حق تلفیوں سے روکتا ہے اور معاشرہ کے نظم و انضباط کا کفیل، مدنیت و اجتماعیت کے حدود کا پاسبان اور اخلاق و اعمال کا نگران ہے۔

پھر ایسی زندگی کا سوال کیا ہے جو عبادت و اطاعت میں صرف ہو۔ اس لئے کہ دنیوی زندگی کا مقصد یہ ہے کہ اُخروی زندگی کو سنوارا جائے۔ کیونکہ دنیا کی زندگی چند روزہ اور وہاں کی زندگی دائمی و سرمدی ہے اور اسے عبودیت کے تقاضوں پر عمل کرنے ہی سے سنوارا جا سکتا ہے۔ اور ایسی موت کی خواہش کی ہے جو سکون و راحت کا پیغام لے کر آئے۔ کیونکہ دنیا میں لاکھ سر و سامان راحت موجود ہوں، اہل ایمان و ایقان کو حقیقی راحت موت کے بعد ہی حاصل ہو سکتی ہے۔ چنانچہ پیغمبر اکرم ﷺ کا ارشاد ہے:

لَيْسَ لِلْمُؤْمِنِ رَاحَةٌ دُوْنَ لِقَآءِ اللّٰهِ‏.

لقائے الٰہی کے علاوہ مومن کیلئے اور کہیں راحت نہیں۔[۴]

آخر دُعا میں اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں تین خواہشیں پیش کی ہیں: ایک گناہوں کی بخشش، دوسرے غم و اندوہ کا تدارک اور تیسرے دشمنوں سے تحفظ۔ لہٰذا ان مقاصد کیلئے اس دُعا کو ہر سہ شنبہ کے روز پڑھنا چاہیے تا کہ خداوند عالم دنیا میں غم و فکر سے نجات اور آخرت میں مغفرت و خوشنودی سے سرفراز کرے۔

٭٭٭٭٭

[۱]۔ سورہ یوسف، آیت ۵۳

[۲]۔ سورہ بقرہ، آیت ۵

[۳]۔ سورہ یونس، آیت ۶۲

[۴]۔ عوالی اللئالی، ج ۱، ص ۲۶۷

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button