شمع زندگیمیڈیا گیلری

356۔ عہدہ و حکومت

اَلْوِلَايَاتُ مَضَامِيْرُ الرِّجَالِ۔ (نہج البلاغہ حکمت ۴۴۰)
عہدہ و حکومت لوگوں کے لیے آزمائش کا میدان ہے۔

انسان کو زندگی میں کئی امتحانات سے گزرنا پڑتا ہے اور امتحان کامیابیوں اور نا کامیوں سے مطلع ہونے کا ذریعہ ہوتا ہے۔ اس فرمان میں امیرالمؤمنینؑ فرماتے ہیں کہ حکومت یا کوئی حکومتی عہدہ یا کسی کی سرپرستی انسان کی امتحان گاہ ہے اور آپ نے تشبیہ دی کہ جیسے گھوڑے کی آزمائش اس میدان میں ہوتی ہے جہاں اسے دوڑایا جاتا ہے۔ اسی طرح لوگوں کی آزمائش عہدوں سے ہوتی ہے۔

اس فرمان کے دو پہلو ہیں ایک تو یہ کہ کسی کو صدارت و وزارت ملے تو اپنے برتاؤ میں اور اخلاق میں خود کو مغرور و متکبر اور ظالم و ستم گر بنا کر پیش نہ کرے، حسنِ اخلاق کا تاج سر پر پہن کر اپنی حکومت کو لوگوں کے امن و سکون کا گہوارہ بنائے۔ بہت سے ایسے انسان گزرے ہیں جو نیک و پارسا اور دوستوں اور عزیزوں سے محبت کرنے والے تھے مگر کوئی عہدہ ملا تو جیسے کسی سے آشنائی ہی نہ تھی۔ ایسا شخص اس میدان مقابلہ میں گویا شکست کھا گیا، مسند حکومت پر بیٹھ کر خود کو فاتح سمجھنے لگا۔

اس میدان حکومت کے فاتح اور اس امتحان گاہ میں کامیاب افراد کا عظیم نمونہ خود امام علی السلام کی ذات ہے جو اپنے دور حکومت میں کہتے ہیں کہ اگر عدل و انصاف کا قیام مدنظر نہ ہو تو آپ پر یہ حکومت میرے ٹوٹے ہوئے جوتے سے بھی کم قیمت ہے۔ اس میدان حکومت کا دوسرا امتحان اس شخص کے تدبر و رائے اور عزم و ہمت کا امتحان ہے۔ مسند حکومت پر بیٹھا یا کسی عہدہ کو سنبھالا تو وہ اسے کس حسن تدبیر سے آگے بڑھاتا ہے اور اپنے ما تحتوں کو کیسے فائدہ پہنچاتا ہے۔ اس فرمان کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی بھی عہدے پر فائز شخص یا جس کی سرپرستی میں چند لوگ ہوں وہ اپنے برتاؤ کو سنوارنے کی کوشش کر سکتا ہے۔

امیرالمؤمنینؑ نے متوجہ کیا ہے کہ آپ کے اختیارات کیا ہیں اور انھیں آپ نے کیسے استعمال کرنا ہے۔ اس پر غور کریں اور کوئی عہدہ آپ کو آپ کے ماتحتوں کی خدمت کرنے میں رکاوٹ نہ بنے بلکہ عہدہ خدمت خلق کا ذریعہ بنے۔ امام علیؑ کے دور حکومت میں بصرہ کے والی عثمان بن حنیف کسی ایسی دعوت میں چلے گئے تھے جہاں سے غریبوں اور یتیموں کو دور رکھا گیا تو نہج البلاغہ کا تلخ ترین خط آپ نے انھیں لکھا کہ تم اپنے عہدہ کی ذمہ داریاں بھول گئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی دیکھیں
Close
Back to top button